لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی جعلی ویکسی نیشن انٹری پر ایکشن، لاہور کے کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم اور سینیئر میڈیکل افسر ڈاکٹر منیر کو معطل کردیا گیا۔ معطل افسران کو محکمہ صحت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کورونا ویکسین کی جعلی انٹری میں ملوث اسپتال کے تین ملازمین کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں اور دو ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
نواز شریف کی جعلی کورونا ویکسی نیشن انٹری پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ایف آئی اے سائبر۔کرائم کے مطابق چوکیدار ابوالحسن اور وارڈ بوائے عادل نے نواز شریف کی جعلی انٹری کے لیے تیسرے ملازم نوید کی آئی ڈی استعمال کی۔ پولیس نے 3 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے ابوالحسن اور عادل کو گرفتار کرلیا ہے۔
علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نےسیکرٹری صحت پنجاب کو اسلام آبادطلب کرلیا ہے۔