اسلام آناد: وفاقی وزیر و چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کا یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان پر پوری پاکستانی قوم خصوصاً کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
کشمیر 1947 کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ کشمیر کی آزادی کیلئے ہرممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ یوم پاکستان پر عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کی ہرممکن سفارتی، اخلاقی و سیاسی مدد جاری رکھیں گے۔ آج کا دن ہمیں اس ملک کے بننے میں ہمارے بزرگوں کی دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے رہنے والوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کی مذمت کر تے ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے پیغام میں کہا کہ نظریہ پاکستان ہی قیامِ پاکستان کی بنیاد بنا، جس کے تحت مسلمان قیادت نے ہندوتوا ذہنیت کے زیر تسلط رہنے سے انکار کیا اور الگ مملکت کے قیام کیلئے جدوجہد کی۔ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندوں کی قربانیوں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیری حریت پسندوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمارا ایمان ہے اہلِ مقبوضہ کشمیر بہت جلد آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے لوگ آج بھی پاکستان کے ساتھ مل کر یوم پاکستان منارہے ہیں۔ یومِ پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں جگہ جگہ پاکستان کی حمایت میں لگائے گئے پوسٹرز اور جھنڈے اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔