پاکستان بیت المال کا مستحق طلباء کو احساس کفالت اسکالرشپ دینے کا اعلان

0
74

جامشورو: پاکستان بیت المال کی جانب سے پوسٹ گریجوئیٹ طلبہ و طالبات کو احساس کفالت پروگرام کے تحت اسکالرشپ دینے کے لیے جامعہ سندھ جامشورو کی انتظامیہ سے ایک معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مستحق طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپ دی جائے گی۔

شیخ الجامعہ سندھ نے احساس کفالت اسکالرشپ کی رقم بڑھانے اور اس پروگرام میں سیلف فنانس کے طلباء کو بھی شامل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق احساس کفالت اسکالرشپ کے انڈر گریجویٹ پروگرام کی کامیابی کے بعد پوسٹ گریجوئیٹس کے اگلے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان بیت المال کے ایم ڈی ملک ظہیر احمد کھوکھر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جامعہ سندھ کا دورہ کیا اور شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے احساس کفالت اسکالرشپ سے متعلق ایم او یو پر دستخط کیے اور پروگرام کے بارے میں تبادلہء خیال کیا۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفيسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے ایم ڈی کو تجویز دی کہ سیلف فنانس پر آنے والے طلبہ و طالبات کو بھی اسی اسکالرشپ میں شامل کیا جائے تاکہ ان کو بھی فائدہ مل سکے اور وہ بھی اپنی اعلیٰ تعلیم جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض طلباء داخلہ نہ ہونے پر سیلف فنانس کیٹیگری کے تحت داخلہ تو لے لیتے ہیں لیکن بعد ازاں وہ غربت و خراب مالی حالات کے باعث تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے، ان کے لیے بھی وفاقی حکومت آسانی پیدا کرے

 انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی ملک کی پہلی یونیورسٹی ہے اور یہاں پر تعلیم حاصل کرنے کی لیے صوبے کے کونے کونے اور ملک بھر سے نوجوان اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے آتے ہیں، جن میں اکثریت کی مالی حالت بہت اچھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ جنرل یونیورسٹی ہے، جس میں 35 ہزار طالب علم بیک وقت زیر تعلیم ہیں، ان سب کو احساس اسکالرشپ میں شامل کیے جانے پر غور کیا جائے اور اسکالرشپ کی رقم 17 ہزار روپے سے بڑھاکر دیگر ملنے والی اسکالرشپ کے برابر کی جائے۔

پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک ظہیر احمد کھوکھر نے وائیس چانسلر کی تجویز کو حکومتی سطح پر زیر غور لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ معاہدے سے ابتدائی طور پر ہر یونیورسٹی کے 50 مستحق طلبہ و 50 مستحق طالبات کو وزیراعظم کے احساس کفالت پروگرام کے تحت اسکالرشپ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ سے مستحق طلباء کو اپنی اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے میں مدد حاصل ہو سکے گی۔

تقریب میں جامعہ سندھ کی جانب سے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس ایڈ آفس ڈاکٹر فضا قریشی، ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر عقیل بھٹو جبکہ پاکستان بیت المال کی طرف سے وفد میں ڈپٹی مئنیجنگ ڈائریکٹر ظفر خان صفدر، ڈائریکٹر سندھ بیت المال ڈاکٹر عدنان المجید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیت المال جامشورو،اسد اللہ شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں