اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ تعمیر سوچ کے فروغ اور تخلیقی سرگرمیوں کو بڑھانے میں کھیلوں کا ایک اہم مقام ہے اور صوبائی و علاقائی سطح پر مختلف کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی بدولت نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں بھرپور طریقے سے مظاہرہ کرنے میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مظفرآباد ٹائیگرز نامی کرکٹ ٹیم کے نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔ مظفرآباد ٹائیگرز کے نمائندوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت پی ایس ایل کی طرز پر کشمیر پریمئیر لیگ کے نام سے ایک کرکٹ میلے کا انعقاد کیا ہے اور اس میں مختلف ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرارد یا اور کہا کہ مختلف کھیلوں کی سرپرستی انتہائی ضروری ہے تا کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے ا ور اجاگر کرنے کا موقع ملے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فٹبال بھی بلوچستان سمیت پاکستان کے دوسرے علاقوں میں ایک انتہائی مقبول کھیل ہے تاہم اس عوامی کھیل کی سرپرستی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی سینیٹر فیصل سلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشنس کو فٹبال کے فروغ کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا اور اس سلسلے میں قانون سازی کی بھی اشد ضرورت ہے تا کہ امور کو بہتری کی جانب لایا جا سکے۔اس موقع پر سابق سینیٹر سجاد حسین طوری اور سینیٹر فیصل سلیم بھی موجود تھے۔مظفر آباد ٹائیگرز کے نمائندوں نے چیئرمین سینیٹ کو مظفر آباد ٹائیگرز کی شرٹ بھی پیش کی۔