ایف بی آر نے 6 ماہ کے اعدادو شمار جاری کردیئے

0
53

کراچی: ایف بی آر نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 6 ماہ کے اعدادوشمار جاری کردیئے۔
ایف بی آر نے پہلے چھ ماہ کے عرصہ کے دوران دسمبر میں ریونیو کی بلند ترین سطح کو حاصل کیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے رواں مالی سال جولائی تا دسمبرمحاصل کے ابتدائی اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں۔ ایف بی آر نے پہلی ششماہی میں 2204 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے جو کہ چھ ماہ کے مقر کردہ ریونیو ہدف کا 99.7 فیصد ہے۔

پہلے چھ ماہ کا نیٹ ریونیو پچھلے سال کے 2101 ارب روپے کے مقابلے میں 5 فیصد زائد ہے۔ انکم ٹیکس کی مد میں 816ارب روپے حاصل ہوئے،۔

سیلز ٹیکس سے حاصل کردہ ریونیو 915ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 127ارب اور کسٹمز ڈیوٹی336 ارب رہی۔ بک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 10 ارب روپے حاصل ہوئے۔توقع ہے کہ بک ایڈجسٹمنٹ سے حاصل کردہ ریونیو میں مزید اضافہ ہو گا۔

ماہ دسمبر میں حاصل کردہ ریونیو 508 ارب روپے رہا جو کہ مقر ر کردہ ہدف 520 ارب روپے کے مقابلے میں 97.7 فیصد رہا اور پچھلے سال دسمبر کے حاصل کردہ ریونیو 469 ارب روپے کے مقابلے میں 8.3 فیصد زائد رہا۔ دسمبر 2019 کے حاصل کردہ ریونیو کے مقابلے میں 39 ارب روپے زائد ریونیو حاصل ہوا ۔

یہ جولائی تا دسمبر کے دوران حاصل ہونے والے ریونیو میں دسمبر کے ماہ کا حاصل کردہ ریونیو سب سے زیادہ رہا۔ رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 102ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال جاری کردہ ریفنڈز 53ارب روپے کے تھےجو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں تقریبا” 90 فیصدزائد ہے۔

وزیر اعظم کے کورونا ریلیف پیکج کے تحت 42ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کئے گئے ہیں۔ریفنڈز اضافہ کی بدولت معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔

ایف بی آر کی کرونا وبا کی دوسری لہر کے باوجود رواں مالی سال کی قابل تحسین کارکردگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کو تحفظ ملا ہے اور معاشی بحالی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سمگل شدہ اشیاء جن کی مالیت 30ارب روپے ہے ضبط کی گئی ہیں جبکہ پچھلے سال پہلےچھ ماہ میں22 ارب روپے مالیت کی اشیاء ضبط ہوئی تھی۔ بہت سالوں بعد ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی آخری تاریخ میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جس کو ٹیکس گزاروں نے سراہا۔

31 دسمبر 2020 تک 23 لاکھ ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کئے جبکہ اس ضمن میں گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 43.5ارب روپے اکھٹا ہوا ہے۔ پچھلے سال اس عرصہ میں 21 لاکھ 73 ہزار گوشوارے جمع ہوئے اور ادا شدہ انکم ٹیکس 28ارب روپے تھا۔ اس طرح اس سال ادا شدہ انکم ٹیکس میں 55 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔

ایف بی آر نے ہیڈکوارٹر اور ملک کے تمام بڑے ٹیکس آفسز میں ٹیکس گزاروں کی شکایت کے ازالے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ٹیکس گزار ہیلپ لائن، ای میل، کمپلینٹ پورٹل اور بذریعہ ڈاک اپنی شکایات بھیج سکتے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے یکم جنوری 2021 سے اپیلوں کی الیکٹرانک فائلنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں