کراچی: اقوام متحدہ کے زیر انتظام پولیس پیس کیپنگ فورس (بین الاقوامی امن قائم کرنے والی فورس) میں 250 پولیس اور ایف آئی اے کے افسران کی ڈیپیوٹیشن پر بھرتی کے لیے ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مجموعی بھرتیوں میں 198 مرد اور 52 خواتین شامل ہونگی۔
اس حوالے سے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ایم احمد رضوان نے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز اور زونل دفاتر کو اور ڈپٹی ڈائریکٹر یواین محمد شاہد نے نیشنل پولیس بیورو کے افسران کو معیار پر پورا اترنے اور مناسب افسران کو نامزد کرنے کے لئے مراسلے تحریر کر دیے ہیں۔ یو این پیس کیپنگ فورس میں تعینات افسران انڈیویژول پولیس آفیسر (آئی پی او) کہلاتے ہیں۔ امیدوار کا گریجویٹ ہونا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میں دس برس کا تجربہ لازمی ہے۔
مذکورہ بھرتیاں یو این کی سلیکشن اسسٹنٹس اینڈ اسیسمنٹ ٹیم (SAAT) کرے گی۔ ایف آئی اے اور نیشنل پولیس بیورو کو بھرتی کے کرائیٹیریا کے پرفارمے بھی ارسال کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی ٹیم ہر تین برس بعد منتخب ملکوں سے ڈیپوٹیشن پر بھرتیاں کرتی ہے۔ منتخب افسران کو دنیا کے شورش زدہ علاقوں میں تعینات کیا جاتا ہے۔ تعیناتی کے دوران ہر ماہ بہت پرکشش مشائرہ ادا کیا جاتا ہے جبکہ ان کے پاکستانی ادارے کی تنخواہ بھی ہر ماہ ملتی رہتی ہے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کچھ افسران خاص طور پر ایف آئی اے افسران اپنی بلیک منی کو وائٹ کرنے کے لۓ بھی اس پوسٹنگ پر جاتے ہیں۔ ماضی میں ایک ایف آئی اے افسر دو برس کے لئے یو این مشن پر گیا۔ پاکستان واپسی پر اس افسر نے اپنے گوشواروں میں اپنی ہر ماہ کی ڈالروں کی تنخواہ کا ایک ڈالر بھی وہاں خرچے میں ظاہر نہیں دکھایا اور یہاں تک کہ تین مرتبہ پاکستان آمد پر بھی تحائف کی مد میں ایک ڈالر خرچہ نہیں دکھایا۔ دوسری طرف کچھ ایسے ایماندار افسران بھی ہیں جو خواں ہوتے ہیں کہ ان کا نام بھی مذکورہ فہرست میں شامل ہو جائے گا تاکہ موصول ہونے والی تنخواہ سے باعزت طریقے سے اپنی فیملی کا معیار زندگی تبدیلی کر سکیں اور کچھ پراپرٹی خرید سکیں۔