کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نسلہ ٹاور کے معاملے پر سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں سماء ٹی وی کے رپورٹر سلمان احمد کو ملوث کرنے کی کمشنر کراچی کی کوشش کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمشنر کراچی کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم دیں۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن ایک نااہل افسر ہیں جو عدالتی احکامات پر عملدرامد میں بھی مکمل طور پر ناکام رہے ہیں اپنی ناکامی کا ملبہ انہوں نے سما ٹی وی کے رپورٹر سلمان احمد پر ڈالنے کی کوشش کی جو نسلہ ٹاور گرانے کے نمائشی اقدامات کو رپورٹ کررہے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سلمان احمد عدالتی احکامات پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد نہ کرنے کو سامنے لائے تھے اور انہوں نے اپنی رپورٹنگ کے ذریعے یہ ثابت کیا تھا کہ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن عدالت کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمشنر کراچی کی سلمان احمد کو نسلہ ٹاور کے معاملے میں ملوث کرنے کی کوشش دانستہ ہے تاکہ عدالت سے کوئی ایسا حکم حاصل کیا جاسکے جس کی بنیاد پر مستقبل میں صحافیوں کو کمشنر کراچی سمیت سندھ حکومت کے مختلف غیرقانونی کاموں پر آزادانہ صحافت سے روکنا ممکن ہو۔
کے یو جے نے چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے کمشنر کراچی کی اس سازش کو سمجھتے ہوئے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا۔ کمشنر آفس اور ایس بی سی اے وہ دونوں ادارے ہیں جہاں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تاکہ ان کے غیرقانونی اقدامات سامنے نہ آسکیں اور اس کوشش میں ناکامی کے بعد اب سلمان احمد کو ٹارگٹ کرتے ہوئے یہ مقصد حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔
کے یو جے نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ کمشنر کراچی کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں کمشنر کے عہدے سے برطرف اور گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم دیں۔