لاہور: لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا۔ گاڑی چوری کی تھی، مالک کو حراست میں لے لیاگیا۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی مشکوک گاڑی کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
سیکیورٹی اداروں نے جوہر ٹاؤن بم دھماکے میں ملوث سہولتکاروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوہرٹاؤن بم دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا اصل مالک حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماے میں استعمال گاڑی چوری کی ہے، گاڑی اوپن لیٹر پر چلائی جارہی تھی، کالے رنگ کی گاڑی 2010 ماڈل ٹیوٹا کرولا ہے۔
ایکسائز ذرائع کے مطابق گاڑی حافظ آباد کے رہائشی نے دو سال پہلے فروخت کی تھی، گاڑی گوجرانوالہ میں ایک شخص نے اپنے لیٹر پر فروخت کی تھی، تحقیقاتی اداروں نے گاڑی کے انجن کا کچھ حصہ قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی ناکوں سے ہوکر جائے وقوعہ پر پہنچی، گاڑی کے اصل مالک کا تعلق حافظ آباد سے ہے، گاڑی کے اصل مالک کو حراست میں لے لیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پبلک مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں دیسی ساختہ 20 سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جوہر ٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 24 افراد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں خواتین سمیت دو بچے بھی شامل ہیں۔