اسلام آباد: پاکستان میں عوامی شراکت، شمولیت اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے فریڈم گیٹ پراسپیراٹی (ایف جی پی) کے نام سے قائم کئے گئے نئے ادارے کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ یہ نیا پلیٹ فارم ملک بھر میں عام لوگوں کو بااختیار بنانے اور ترقی کو مقامی سطح پر عوام کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کام کرے گا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایف جی پی کے قیام کو ایک بروقت اور اہم اقدام قرار دیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی کے سفر میں عوام کو سب سے مقدم رکھنا ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ انتہائی اہم بات ہے کہ فریڈم گیٹ پراسپیراٹی سب کی شمولیت، ترقی میں نوجوانوں کا کردار، ڈیجیٹل رسائی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگی جیسے اہم امور پر توجہ دے گا۔ فریڈم گیٹ پراسپیراٹی اس سے قبل کام کر رہے ادارے فریڈم گیٹ پاکستان کی کاوشوں کو وسعت دے گا۔
فریڈم گیٹ پراسپیرٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد انور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ صرف ایک نئے ادارے کا آغاز نہیں بلکہ ایک اجتماعی سفر کی بنیاد بھی ہے کیونکہ یہ ادارہ بھروسے، مقامی قیادت اور اس یقین پر قائم ہے کہ حقیقی ترقی وہی ہے جو عوام کی اپنی ترجیحات سے مطابقت رکھتی ہو۔
ادارے کے افتتاح کی تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی جنہوں نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے وژن کی بھرپور حمایت کی۔
سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے مکالمے اور مقامی حل کے فروغ کے لیے کھلے، جمہوری ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔ نیوٹیک کی چیئرپرسن گلمینہ بلال نے نوجوانوں کے لیے ہنر اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔
سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید نے فریڈم گیٹ پراسپیراٹی کی شمولیت اور سب کی شمولیت پر مبنی سوچ کو سراہا۔ سابق صوبائی وزیر زراعت پنجاب محسن لغاری نے زرعی شعبے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں شریک دیگر نمایاں شرکاء میں سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، سابق وزیر صحت بلوچستان اور ایف جی پی بورڈ کے چیئرمین فیض کاکڑ، پالیسی امور کے ماہر ظفر اللہ خان، اور سابق نگران وزیر خیبرپختونخوا عدنان جلیل شامل تھے۔
تقریب کے شرکاء نے اس امید کا اظاہر کیا کہ فریڈم گیٹ پراسپیراٹی ایک ایسا قومی پلیٹ فارم کے طور پر ابھرے گا، جو مقامی سطح پر ترقی اور انصاف، وقار اور مساوی مواقع کو فروغ دیتے ہوئے ملکی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔
www.fgp.org.pk