کراچی: شہر کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 20 کے اپارٹمنٹ میں شاہین فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد اہلکاروں نے مقتول عامرکو ڈکیت ظاہر کیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ جس کے مطابق مقتول 27 سالہ عامر نے فلیٹ کی پارکنگ میں موٹر سائیکل پارک کی تو پولیس اہلکار پہنچ گئے۔ فلیٹ کی سیڑھیوں کے پاس اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کردی۔ جس سے عامر زخمی ہوکر گرگیا۔ وہ زخمی حالت میں فائرنگ روکنے کا کہتا رہا اور زخمی حالت میں پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے بجائے پھر فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ شاہین فورس کے اہلکاروں نے عامر کو ڈکیت ظاہر کرنے کی کوشش کی، علاقہ مکینوں کے جمع ہونے پر اہلکار موقع سے فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ شاہین فورس کے اہلکاروں کے مطابق پہلے ان پر فائرنگ کی گئی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا لیکن موٹرسائیکل سوار کی جانب سے گولی چلانے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق تین اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مقتول کی والدہ نے بتایا کہ عامر فشریز میں بھائی کے ساتھ کام کرتا تھا۔