گورنر سندھ نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل پر دستخط کردیے، قانون بن گیا

0
93

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی سے منظور شدہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل پر دستخط کردیئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کے رابطہ کرنے پر بتائی، فہیم صدیقی نے بل پر دستخط کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کی سفارشات پر مبنی جرنلسٹس پروٹیکشن بل پر گورنر سندھ کے دستخط کرنے سے اب یہ قانون بن گیا ہے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سندھ بھر کی صحافی برادری کو جرنلسٹس پروٹیکشن بل کے قانون بن جانے پر مبارکباد پیش کی ہے اور سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ جس طرح جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی سندھ اسمبلی سے منظوری میں سندھ حکومت بالخصوص صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ اور مشیر قآنون مرتضی وہاب نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اسی طرح گورنر سندھ کی جانب سے بل پر دستخط کیے جانے کے بعد اب اس کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے اور جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام کا بھی اعلان کیا جائے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ بھر کی صحافی برادری اس حوالے سے خوش نصیب ہے کہ سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل منظور کیا جو گورنر سندھ کے دستخط کردینے کے بعد اب قانون بن چکا ہے اس قانون کے بعد پاکستان خطے کا وہ واحد ملک بن گیا ہے جہاں صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے کوئی قانون موجود ہے اس قانون کی موجودگی میں اب صوبے میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ایک قانونی تحفظ حاصل ہوگا اور انہیں ان کے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران ہراساں یا تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر ذمہ داروں کیخلاف مخصوص قوانین کے تحت کارروائی ہوسکے گی۔

 کے یو جے نے حکومت سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام کا اعلان کرے تاکہ وہ جلد از جلد اپنے کام کا آغآز کرسکے۔

 کراچی یونین آف جرنلسٹس نے وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ سندھ حکومت کی طرز پر قومی اسمبلی سے جرنلسٹس پروٹیکشن بل جلد از جلد منظور کرائے تاکہ وفاق کی سطح پر بھی صحافیوں کے تحفظ سے متعلق کوئی قانون بن سکے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں