کراچی: کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی نے رینجرز کے پریس کلب میں داخلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کلب کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق گورننگ باڈی نے پیر کے روز رینجرز کے کلب میں داخلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان اور تحفظ کے معاملات خاص اہمیت کے حامل ہیں لیکن اس کو بنیاد بنا کر پریس کلب کے احاطے میں گھس آنا تشویش کا باعث ہے۔ اس پر صحافی برادری احتجاج کرتی ہے۔ گورننگ باڈی نے ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ وہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔
فریڈم نیٹ ورک نے کراچی پریس کلب میں رینجرز کے بلا اجازت داخلے کی مذمت کی ہے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کراچی پریس کلب میں رینجرز کے داخلے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے اور کے یو جے کی ایگزیکٹو کونسل نے ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ کلب میں بغیراجازت کے داخل ہونے والے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔