بیجنگ: بھارت کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے بعد چینی صدر نےفوج کو جنگ کے لئے تیار رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ حکم پارلیمنٹ اجلاس کے دوران پیپلز لبریشن آرمی اور پیپلس آرمڈ پولیس فورس کے نمائندوں کی میٹنگ میں کہی،شی جن پنگ سینٹرل کمیٹی کی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور فوج کے سربراہ 66 سالہ جن پنگ نے کہا کہ سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے اور کئی ممالک مل کر چین کو نشانہ بنانے کی تیاری میں ہیں، ایسے میں فوج کو جنگ کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
چینی صدر نے فوج کو حکم دیا کہ وہ جنگ کی تیاری شروع کرے، اپنی ٹریننگ کو بڑھائے تمام حالات سے فوری اور موثر طریقے سے نمٹے اور پوری طاقت کے ساتھ قومی خود مختاری، سیکیورٹی اور ترقی سے منسلک مفادات کی حفاظت کرے۔ شی جن پنگ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے عالمی منظر نامے،چین کی سلامتی اور ترقی پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔