جدہ (ش ن) پاکستان نے اسرائیل کے گریٹر اسرائیل منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے گریٹر اسرائیل منصوبے کو سختی سے مسترد کرتا ہے کیونکہ یہ امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ ہسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملے کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔ معصوم فلسطینیوں کو دو سال سے مسلسل بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دی جارہی ہے اور غزہ میں قحط کی صورت حال پیدا ہوچکی ہے، جس کے باعث فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کرے، فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عرب ممالک کی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف سخت ترین اقدامات کرے۔ انہوں نے ترکیہ، ایران اور فلسطین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہنگامی اجلاس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔