کراچی: کورنگی پولیس نے جعلساز گروہ گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان اپنے آپ کو ہیومن رائٹس کا عملہ اور مجسٹریٹ ظاہر کرکے شہریوں کو بلیک میل کے ساتھ شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کے ذریعے رقوم وصول کرتے تھے۔
ایس ایچ او کورنگی سب انسپکٹر عامر اعظم نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ ملزمان کے گروہ نے کورنگی میں ایک شہری کو بلیک میل کرکے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا جس پر متاثرہ شہری نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا اور تمام تر تفصیلات بتائیں۔ ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا تو ملزمان کا گروہ گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او عامر اعظم کا کہنا تھا کہ ملزمان میں نسیم، شبانہ، یار محمد، ماجد نصیر، محمد شیراز اور مجیب شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے پریس کے جعلی کارڈ، جعلی ہیومن رائٹس کارڈ، اغوا میں استعمال کیے جانے والے موبائل فون اور ایک گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ گاڑی پر ہوٹر نما لائٹیں بھی نصب ہیں اور ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ان سے مزید تحقیقات جاری ہے۔