کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے حکومت سندھ کے فیصلے کے خلاف کھولے جانے والے اسکولوں اور مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے حکومت سندھ کے فیصلے کے خلاف 23 اگست بروز پیر سے آؤٹ ڈور کلاسز کا اعلان کردیا۔ جس کے بعد ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز نے تمام پرنسپلز کو متنبہ کرتے ہوئے مراسلہ جاری کردیا۔ جس کے مطابق کورونا کے وبائی صورتحال کے پیش نظر تاحکم ثانی اسکول بند رکھنے کے حکومتی اعلان کے خلاف تدریسی عمل جاری رکھنے والے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔
نجی اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن مکمل کرائیں، تمام نجی اسکول اپنے ادارے کھولنے سے قبل ایس او پیز عملدرآمد کے انتظامات مکمل کرے، محکمہ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق نجی تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔
یاد رہے ایک روز قبل ہی وزیر اطلاعات سندھ نے پی ایس ایف کے سینکڑوں کارکنوں کے اجلاس کی تصاویر شئیر کی ہیں جبکہ دوسری طرف اسکول بند کیئے ہیں۔