اسلام آباد وزیراعظم عمران خان نے ٹرین سے گرنے والے مسافر کو بچانے والے پولیس اہلکار جمیل احمد کو قومی اعزاز دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں ایک ویڈیو شئیر کی جس میں پولیس اہلکار ایک شخص کی جان بچاتا ہوا نظر آرہا ہے۔
وزیراعظم نے سپاہی کی بہادری کو سراہتے ہوئے لکھا کہ یہ وہ مقام ہے جہاں فرض تقدیس سے ہمکنار ہوتا ہے۔ عوام الناس کی خدمت کے حوالے سے اس نوجوان سپاہی کے ہاں دکھائی دینے والا عزم قابل تحسین ہے۔
اور اب وزیراعظم نے مذکورہ پولیس کانسٹیبل کے لیے قومی اعزاز کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کے نیچے آنے والے شخص کو بچانے والے کانسٹیبل جمیل احمد کو 23 مارچ کو اعزاز سے نواز جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں قرآن پاک کی آیت بھی شئیر کی جس کا مفہوم ہے کہ جس نے ایک شخص کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔
واضح رہے کہ کانسٹیبل جمیل احمد نے 8 محرم کو ٹرین سے گرنے والے مسافر کو بچایا تھا۔