کراچی: کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے حکومت سندھ کی ہدایت پر 62 ہزار 9 سو 34 ایکڑ پر مشتمل کے ڈی اے سٹی کے نام سے ایک نئی ڈویلپمنٹ اسکیم پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔
سرجانی ٹائون سے متصل گڈاپ کے 6 دیہات مٹھہ گڑھ، ماہیو، اللہ پھائی، شاہی چپ، مندورو اور لوہار کولانگ پر مشتمل یہ اسکیم 47 کہلائے گی۔ زمینوں کی نشاندہی کے بعد اس کے حصول اور نوٹیفکیشن کے لئے کے ڈی اے نے باقاعدہ حکومت سندھ کو سمری بھجوا دی ہے۔ ماسٹر پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے جبکہ تفصیلی لے آئوٹ پر کام جاری ہے۔
وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر نئے ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس سومرو نے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد سہیل خان کو ذمے داری سونپی ہے کہ شہریوں کی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے لئے فوری اسکیم لانچ کی جائے۔ کُل اراضی میں سے 20 ہزار ایکڑ رقبے پر ہائوسنگ اسکیم ہوگی۔ جو عام شہریوں، سرکاری ملازمین اور صنعتی علاقے کے لئے وقف ہوگی۔ لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ اس اسکیم سے کے ڈی اے جو مالی بحران کا شکار ہے اور حکومت سے فنڈز کا منتظر رہتا ہے ماضی کی طرح اسے اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں مدد مل سکے گی۔
واضح رہے کہ کے ڈی اے کی آخری اسکیم 45 تیسر ٹائون تھی جبکہ اسکیم 41 سرجانی 1986 میں لانچ کی گئی تھی۔ اس کے بعد شہر کی آبادی میں تیزی سے مسلسل اضافہ ہوتا گیا لیکن حکومتی سطح پر کسی نئی رہائشی اسکیم کا اعلان نہ ہو سکا۔