سیالکوٹ: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ سیالکوٹ میں چھ مجرمان کو سزائے موت جب کہ 7 کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ قتل کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری مینجر نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کیس میں 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ ایک ملزم عدنان کو اعتراف جرم کرنے پر سے تین ماہ قبل ایک سال کی قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ عدنان نے واقعے کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی جس میں ملزمان کے کردار کو درست قرار دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 3 دسمبر2021 کو سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مقامی فیکٹری کے منیجر پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا اور ان کی لاش نذرِ آتش کردی تھی۔