کراچی: کراچی پریس کلب نے صدرفاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، اسلم خان اور دیگر عہدیداروں نے باغ جناح کراچی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں کارکنان کی جانب سے خواتین صحافیوں کو ہراساں کیے جانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں خواتین صحافیوں کو ہراساں کرنے جیسے بڑھتے ہوئے واقعات قابل مذمت ہیں۔
کراچی پریس کے عہداروں نے کہا کہ باغ جناح میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے دوران جلسہ خواتین رپوٹرز کے ساتھ بدتمیزی دست درازی کی کوشش کی گئی جبکہ ان کے ہمراہ کیمرہ مین کو ڈنڈے اور پتھر مارے گئے، صحافی خواتین سمیت متعدد صحافیوں کو مغلظات بکی گئیں اور تشدد کا نشانہ بنایاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی مختلف سیاسی جماعتوں کی ریلیوں جلسوں کے موقع پر بھی عدم برداشت کے اس طرح کے واقعات رونما ہوئے ہیں، صحافیوں اور باالخصوص خواتین صحافیوں پر تشدد کا معاملہ انتہائی سنگین شکل اختیارکرچکا ہے۔
کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے سیاسی جلسوں اور عوامی اجتماعات میں خواتین صحافیوں کی ہراسانی تشدد اور زدوکوب کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس کی وجہ سے آزادی اظہار شدید خطرے میں ہے اور خواتین صحافیوں کے لیے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی ناقابل یقین حد تک مشکل بنادی گئی ہے۔
کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے تحریک انصاف، باالخصوص عمران خان سے مطالبہ کیاکہ وہ ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں اور آئندہ اپنے پروگراموں میں صحافیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔