کراچی: سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف بلوچستان میں 3 حصوں میں تقسیم ہوگئی۔
جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر نے تحریک انصاف کی طرف سے ٹکٹ واپس لیے جانے کے بعد بلوچستان سے سینیٹ انتخابات آزاد حیثیت سے لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ عبدالقادر کی تائید اور تجویز تحریک انصاف کی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین سکندر عمرانی اور لیلیٰ ترین نے کی ہے۔ عبدالقادر کے آزاد حیثیت سے بطور امیدوار سامنے آنے کے بعد خود بلوچستان عوامی پارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کے بیٹے سردارخان رند نے بھی آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ یہ تحریک انصاف کے لئے نئی مشکل سامنے آئی ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کے سات ووٹ ہیں۔ متحد رہنے کی صورت میں وہ ایک سیٹ حاصل کر سکتے ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں تحریک انصاف تین حصوں میں منقسم دکھائی دیتی ہے۔