کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ متوقع ہیٹ ویو اور سمندری طوفان کی آمد کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہمہ وقت موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ، سٹی وارڈنز، محکمہ باغات اور میونسپل سروس میں بھی 20 مئ تک ایمرجنسی نافذ رہے گی۔ شہری ہیٹ ویو اور متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے تین دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے اور شہری ان دنوں میں گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔ متوقع سمندری طوفان کے باعث تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے اور تیز ہواؤں کے باعث چھتیں اڑنے، سائن بورڈ گرنے، کچی تعمیرات کے منہدم ہونے کے امکانات ہیں۔ ہیٹ ویو کے دنوں میں پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے، دھوپ سے بچا جائے اورمتاثر ہو نے کی صورت میں فوری ہسپتال سے رجوع کریں۔