بچے قدرت کا وہ انمول تحفہ ہیں جن کے بغیر دنیا نامکمل ہے، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری

0
69

کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بہت سے بچوں کا بچپن کھلونوں سے نہ کھیلنے کے دکھ اور افسوس میں گذر جاتا ہے، لیکن کچھ بچے یوگی وجاہت کی طرح ہوتے ہیں جو مشکل حالات کا مقابلہ کرکے خود کو اس قابل بنا لیتے ہیں کہ دوسرے بچوں کو یہ خوشی دے سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلونا فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام بچوں کو کھلونے تقسیم کرنے کی تقریب سے گورنر ہاﺅس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں کھلونا فاﺅنڈیشن کے صدر یوگی وجاہت ، نیشنل کوریئر کے ایڈیٹر انچیف انیل احمد عثمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت پر شاداں ہوں کیونکہ یہ بچوں کو کھلونوں کی شکل میں خوشیاں دینے کے لئے منعقد کی گئی ہے، اور بچے قدرت کا وہ انمول تحفہ ہیں جن کے بغیر دنیا نامکمل ہے، جبکہ والدین کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے بچوں کی خواہشات کو زبان سے ادا ہونے سے پہلے پورا کردیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی پہلی خواہش طرح طرح کے کھلونوں سے کھیلنا ہوتا ہے، لیکن سب بچوں کی یہ خواہش پوری نہیں ہوسکتی، کیونکہ والدین کی اکثریت حالات کی ستم ظریفی کے باعث اپنے بچوں کو کھلونے دینے میں ناکام ہوتی ہے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کھلونا فاﺅنڈیشن کے بانی یوگی وجاہت کا بچوں کو کھلونے دینا ان کی اولین ترجیح میں شامل ہے، اور میں ان کے اس کاز میں ساتھ دینے پر نیشنل کورئیر کے ایڈیٹر انچیف انیل احمد عثمانی کا بھی مشکور ہوں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کے ملازمین کے بچوں کو کھلونے دینے کے اعلان پر دونوں حضرات کا ممنون ہوں، اور امید کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ وہ ایسے علاقوں میں بھی شروع کریں گے جہاں کے بچے کھلونے خرید نہیں سکتے، انہوں نے مزید کہا کہ کھلونا فاﺅنڈیشن کے اس نیک مقصد میں میرا بھرپور تعاون ان کے ساتھ رہے گا۔

قبل ازیں کھلونا فاﺅنڈیشن کے صدر یوگی وجاہت نے فاﺅنڈیشن کے اغراض ومقاصد سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔ نیشنل کوریئر کے ایڈیٹر انچیف انیل احمد عثمانی نے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں کے  بچوں میں بھی کھلونے تقسیم کئے جائیں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں