پی ایف یو جے کا کراچی اعلامیہ’ پیکا 2025 کے فوری خاتمے سمیت میڈیا انڈسٹری سے برطرفیوں کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ

0
17

کراچی (رپورٹ: ایم جے کے) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اپنی 75 سالہ ناقابلِ مصالحت جدوجہد(جو آزادیِ صحافت، اظہارِ رائے اور آزادیِ تقریر کے لیے وقف رہی ہے)، پلاٹینم جوبلی سنگِ میل مناتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ملک میں میڈیا کی آزادی، شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ، اور صحافیوں و میڈیا کارکنوں کو آزادی کے ساتھ کام کرنے کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل (ایف ایس ای) کا تین روزہ اجلاس، جو یکم تا 3 اگست 2025 کراچی میں صدر افضل بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا ایک مضبوط لائحۂ عمل اور مطالبات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش اہم مسائل خاص طور پر صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، کونسل نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں و ریاستی اداروں کی میڈیا کے خلاف بڑھتی ہوئی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جو آزادیِ اظہار اور میڈیا کی خودمختاری کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے، کونسل نے ان کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا، کیونکہ یہ شہریوں کے آئینی حقوق پر براہِ راست حملہ ہیں۔

پاکستان الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) 2025 اور پنجاب ڈیفامیشن بل 2024 میں مجوزہ ترامیم کو غیر ضروری میڈیا مخالف اور آزادیِ اظہار کے خلاف قرار دیا گیا جو آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسی پالیسیوں سے باز رہیں جو نہ صرف میڈیا کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ پاکستان کے بین الاقوامی وقار کو بھی مجروح کرتی ہیں۔

فوری مطالبات میں پییکا 2025 اور پنجاب ڈیفامیشن قانون کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دونوں میں برطرفیوں کا سلسلہ روکا جائے۔ صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے لیے مؤثر سیکیورٹی و تحفظ یقینی بنایا جائے۔
میڈیا کی منظم خاموشی اور سنسرشپ پر فوری روک لگائی جائے۔

پی ایف یو جے کا کراچی اعلامیہ اس امر پر زور دیتا ہے کہ آزاد اور خودمختار میڈیا ایک جمہوری معاشرے کے لیے ناگزیر ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ میڈیا کی آزادی کا تحفظ کرے اور صحافیوں و میڈیا کارکنوں کے حقوق کو فروغ دے، فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے ملک میں اظہارِ رائے کی آزادی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ظاہر کی، کونسل نے حکومت کی جانب سے صحافیوں کی بلا جواز گرفتاریاں اور غیر آئینی اقدامات کی شدید مذمت کی، کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کے “ڈیجیٹل حقوق” کا احترام، تحفظ اور فروغ لازم ہے۔

پی ایف یو جے آزادیِ اظہار اور آزادیِ تقریر پر کسی بھی قدغن کو برداشت نہیں کرے گی۔ کونسل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صحافیوں کو ریاستی یا غیر ریاستی عناصر کے خوف کے بغیر اپنے فرائض انجام دینے کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ، کونسل نے عدلیہ کی خودمختاری کو برقرار رکھنے اور اسے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے پر زور دیا۔ ایک محفوظ اور سازگار ماحول کا قیام ضروری قرار دیا گیا تاکہ میڈیا پروفیشنلز کو آئینی حقوق کے تحت آزادی کے ساتھ کام کرنے دیا جا سکے، فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے میڈیا ہاؤسز اور اخبارات میں جاری جبری برطرفیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور وزارتِ اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا کہ ان ناانصافیوں کا فوری نوٹس لے کر اقدامات کیے جائیں، کونسل نے واضح کیا کہ حکومتوں اور ریاستی اداروں کی میڈیا دشمن پالیسیوں سے نہ صرف میڈیا انڈسٹری کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے کیونکہ میڈیا اور جمہوریت سے متعلق اشاریوں میں پاکستان کی درجہ بندی مسلسل نیچے جا رہی ہے، فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے 8ویں ویج بورڈ ایوارڈ پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا ایک بار پھر مطالبہ کیا جسے ایک متفقہ دستاویز قرار دیا گیا مزید برآں کونسل نے الیکٹرانک، آن لائن اور ڈیجیٹل میڈیا میں کام کرنے والے صحافیوں و میڈیا کارکنوں کے لیے ایک واضح کیریئر پاتھ اور تنخواہوں کے ڈھانچے کی تیاری پر زور دیا تاکہ ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

کونسل نے صحافیوں، میڈیا کارکنوں اور کانٹینٹ کریئیٹرز کی سیکیورٹی پر بھی سخت خدشات کا اظہار کیا اور جھوٹے مقدمات اور جان سے مارنے کی دھمکیوں جیسے خطرناک رجحانات کی مذمت کی۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری کارروائی کرے اور ان مجرموں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے، جو صحافیوں پر حملوں اور ان کے قتل میں ملوث ہیں، فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے بعض سیاسی جماعتوں اور غیر سیاسی گروہوں کی جانب سے اینکر پرسنز اور صحافیوں کو نشانہ بنانے اور سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات آئینی طور پر حاصل شدہ آزادیِ اظہار اور آزادیِ صحافت کو مجروح کرتے ہیں، پی ایف یو جے نے آزادیِ اظہار، آزادیِ تقریر اور شہریوں کے حق برائے معلومات تک رسائی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ ان بنیادی حقوق پر کسی بھی قسم کی قدغن کی شدید مزاحمت کرے گی اور آزاد و خودمختار میڈیا کے اصولوں کو ہر حال میں بلند رکھے گی، فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے آئی ٹی این کے چیئرمین کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے گزشتہ دو اڑھائی سال میں پاکستان کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تقریباً 75 کروڑ سے زائد کی ادائیگیاں کروائی ہیں، ایف ای سی کے اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق علی ورک کے ساتھ راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن کے ایس ایچ او کی طرف سے ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے اور حبس بجا میں رکھنے کی بھرپور مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر ایس ایچ او کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں