کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، وائس چانسلر سکھر آئی بی اے سید میر محمد شاہ، رجسٹرار سکھر آئی بی اے ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، آئی ٹی ایکسپرٹ ظفر احمد، ڈائریکٹر ایچ آر محمد جنید اور دیگر موجود تھے۔
اجلاس میں ٹیسٹ کے طریقہ کار، سینٹرز، امیدواروں کی بائیومیٹرک حاضری اور صاف و شفاف فوری نتائج سمیت دیگر پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں سندھ میں پی ایس ٹی اور جےای ایس ٹی کی 46 ہزار 500 سے زائد اسامیوں کے لئے ملنے والی 5 لاکھ درخواستوں اور ان کے ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈویژن کی سطح پر 6 ڈویژن کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص اور لاڑکانہ میں ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
سعید غنی نے اجلاس کے موقع پر کہا کہ ہر سینٹرز کی روزانہ ہونے والے ٹیسٹ کی مکمل سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جائے گی۔ تمام امیدواروں کو مکمل طور پر کھلی فضا میں ٹیسٹ دینے کا موقع میسر آسکے۔ ٹیسٹ کے شفاف انعقاد اور اس کے میرٹ پر نتائج کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں جائیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام اساتذہ کی بھرتی مکمل میرٹ پر ہو تاکہ اس کے مثبت نتائج ہمیں میسر آسکیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بھی ایسا معاملہ ہو کہ امیدواروں کو یہ محسوس ہو کہ اس کو کھلے اور صاف و شفاف طریقے سے ٹیسٹ دینے کا موقع نہ ملے۔ نتائج کے شفاف ہونے کے لئے بھی تمام اقدامات کو بروئے کار لیا جائے اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے۔
وائس چانسلر آئی بی اے سکھر نے کہا کہ اس بار ٹیسٹ کا انعقاد ڈویژن کی سطح پر ہوگا اور ٹیسٹ پہلے مرحلے میں پی ایس ٹی اور دوسرے مرحلے میں جے ای ایس ٹی کے منعقد ہوں گے۔ ٹیسٹ کا انعقاد ماہ اگست کے دوسری ہفتہ میں متوقع ہیں۔ ہر امیدوار کی انفرادی جوابی شیٹ ہوگی، جس پر اس کی تصویر اور مکمل معلومات پہلے سے ہی درج کی ہوگی۔ ٹیسٹ کے بعد امیدوار آئی بی اے سکھر کی ویب سائٹ پر جاکر اپنی جوابی شیٹ اور جوابی کی ازخود بھی چیک کرسکے گا۔