راولپنڈی: سارہ شریف کے باپ اور سوتیلی ماں کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہے کہ ’ہمیں ڈر ہے کہ پاکستانی پولیس تشدد کر کے ہمیں مار ڈالے گی‘۔
جبکہ جہلم پولیس کے سربراہ محمود باجوہ نے میڈیا سے بات چیت میں ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان کے افراد کو ہراساں کرنے اور تشدد کرنے کے تمام الزامات غلط ہیں۔
پولیس سربراہ کے مطابق اگر اہلخانہ کو پولیس سے کوئی خوف ہے تو وہ تحفظ حاصل کرنے کے لیے عدالت جا سکتے ہیں۔
سارہ کی سوتیلی والدہ نے دو منٹ 36 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں پاکستانی پولیس پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ پولیس ان کے خاندان کے دیگر افراد کو خوفزدہ کر رہی ہے اور انھیں غیر قانونی طور پر حراست میں لے رہی ہے جبکہ ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سارہ کی والدہ اولگا شریف نے پولینڈ کے ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیا جس میں سارہ شریف کی والدہ اور نانی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی بیٹی کی میت کو مردہ خانے میں بمشکل پہچانا کیونکہ اس کا چہرہ بُری طرح زخمی تھا۔