اسلام آباد: بیت المقدس پر اسرائیل کی جانب سے حملہ کے معاملے پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا رد عمل سامنے آگیا۔
مولانا فضل الرحمان کا رد عمل پر کہنا ہے کہ مقدس میں عبادت میں مصروف قبلہ اوّل بیت المقدس میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ او آئی سی اور مسلم ممالک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی سطح پر اس ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرے۔ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے اور اس کی دہشت گردی نے پورے عالم اسلام کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کی آنکھیں کھل جانی چاہئے۔ فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ مسلم اُمّہ کو قبول نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ کی زیرسر پرستی جاری یہ دہشت گردی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ مسلم ممالک کے حکمران اگر حسب سابق غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو مسلم اُمّہ سے اپیل کرتاہوں کہ وہ پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ جمعیت علماء اسلام فلسطینی بھائیوں کے قدم بقدم اور شانہ بشانہ حمایت کا اعلان کرتی ہے۔