اسلام آباد: کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے قیام کے سو سال مکمل ہونے کی تقریب سے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا خطاب میں کہنا تھا کہ چین کی ترقی دنیا کے لئے تاریخی اور مثالی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سو سالہ تاریخ عوامی حقوق کے لئے جدوجہد اور کامیابیوں سے مالا مال ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی چن ینگ کی قیادت میں چین عالمی ،سیاسی ،فوجی اور اقتصادی قوت بن کر ابھرا ہے۔ سی پی سی نے کارخانوں ،صنعت و حرفت کے جال بچھائے، زرعی شعبے میں ایسے منصوبے بنائے جس سے چین سپر پاور بن گیا۔ چین اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات دیرینہ، دیرپا اور ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔ سی پیک منصوبہ دنیا کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ 1995 میں دورہ چین کے موقع پر ارمچی کو فری اکانومی زون بنانے کی تجویز دی اور گوادر کو بذریعہ شاہراہ ریشم ملانے کی بات کی جسے آج تعبیر ملی۔ چین نے سی پیک معاہدہ کرکے پاکستان کے ساتھ دوستی کو ایک نئی جہت دی ہے۔ چائنہ بین الاقوامی طور پر طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے کردار ادا کرتا رہے۔
مولانا فضل الرحمان نے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر دونوں جماعتوں کی سوچ یکساں ہے۔ جو دونوں جماعتوں کو قریب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور امید ہے کہ چین کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے عالمی سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ سی پی سی کے جے یو آئی کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں۔ ہم ان تعلقات سے خطے اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے مثبت نتائج حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔