گوادر: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دو روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے۔
گوادر پہنچنے پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی، ضلعی انتظامیہ، جی ڈی اے آفسران و دیگر نے استقبال کیا۔
صدرِ مملکت کو پاک چائنا بزنس سینٹر گوادر میں چیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی نے بلوچ ثقافتی چادر و روایتی کشتی پیش کی اور انھیں بلوچی وش آتک کیا۔ بزنس سینٹر میں چیرمین جی پی اے نے گوادر پورٹ، گوادر پورٹ فری زون و سی پیک پروجیکٹس کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
عارف علوی نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا اور چیرمین جی پی اے نے پورٹ ٹرمینل اور دیگر سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین پورٹ اور ڈی جی ترقیات نے صدر مملکت کو گوادر بندرگاہ فری زون اور گوادر کے ترقیاتی کاموں کے متعلق بریف کیا۔
صدر عارف علوی نے دورے کے موقع پر کہا کہ گوادر پورٹ پر ٹریفک کے بہاؤ کو تیز بنانا ہوگا۔حکام پورٹ پر ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار کو تیز کردیں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے پورٹ کے ترقیاتی کاموں کی رکاوٹ کو دور کیا جائے۔
صدرِ مملکت نے کوہِ باتیل پر گراب کے مقام پر غروبِ آفتاب کا نظارہ بھی کیا۔