کراچی: نااہل وزیر اعظم شہباز شریف کی جابرانہ حکومت کی کرپٹ پاکستان اسٹیل ملز انتظامیہ نے اسٹیل ملز کی رہائشی کالونی میں واقع مساجد کے تمام اماموں اور موذنین کو ملازمتوں سے فارغ کردیا ہے۔ آئمہ و موذن کی برطرفی کے باعث ماہ رمضان المبارک میں مساجد سنسان ہوگئیں اور نماز کے لیے آنے والے نمازی جماعت سے محروم جب کہ قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ قرآن کی تعلیم سے محروم ہو گئے۔
پاکستان اسٹیل ملز انتظامیہ نے مساجد کے آئمہ اور موذن کو نکالنے کے بعد اسکولوں کے اساتذہ کو نکالنے کے لیے بھی خطوط تیار کر لیے ہیں۔ اور اس سلسلے میں اسٹیل ملز انتظامیہ نے آج صبح علامہ اقبال اسکول کے گیٹ کو تالہ لگا دیا۔ صبح چھٹی کلاس سے آٹھویں جماعت کے طلباء اپنے پرچے دینے اسکول گئے تو اسکول کے مرکزی دروازے کو تالا لگا ہوا تھا۔ اساتذہ بھی اسکول کے باہر کھڑے رہ گئے۔
اس موقع پر اساتذہ اور طلباء نے شدید احتجاج کیا جبکے شدید احتجاج کے بعد گیٹ کھول دیا گیا۔ اساتذہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے ہمیں نوکریوں سے نکالنے کے بعد انتظامیہ اسکول کو تالے لگا کر ہزاروں بچوں کا مستقبل داؤ پر لگانا چاہتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے درخواست ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں اور سینکڑوں خاندانوں کو معاشی قتل سے بچانے کے لیے ملازم کو بحال کریں۔ ان بچوں کا مستقبل بچایا جائے اور اسکول بند نہ کیے جائیں۔ اسکول بند ہونے سے ہزاروں بچیوں کی تعلیم تباہ ہو جائے گی۔