ویکسین لگوانے والے افراد کو ایک سال تک مفت گوشت مل سکے گا

0
120

واشنگٹن: امریکا ہو یا پاکستان، دنیا کی طرح ہر جگہ ویکسین سے بھاگنے والے کچھ نہ کچھ افراد موجود ہوتے ہیں۔ اب ایک امریکی کمپنی نے عوام کو اس جانب راغب کرنے کے لیے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد ان سے ایک سال تک مفت میں گوشت حاصل کرسکیں گے۔

امریکا میں گوشت فراہم کرنے والی مشہور کمپنی جے بی ایس ایس اے نے اعلان کیا ہے کہ ادارے نے ویکسین کی مہم شروع کی ہے۔ اس ضمن میں ویکسین لگوانے والے 50 خاندانوں کو ایک سال تک مفت گوشت فراہم کیا جائے گا اور وہ مرغی، بیف یا پھر خنزیر کے گوشت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ اس کمپنی پر پہلے شدید تنقید کی گئی تھی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گوشت پیک کرنے والے اس کے ہزاروں کارکن کووڈ 19 سے بیمار ہوئے تھے۔ اس کے بعد جے بی ایس کمپنی کی ذیلی کمپنی پلگرمز پرائڈ کو بھی بند کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے۔ اس سے گوشت کی فراہمی بھی متاثر ہوئی تھی اور اس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا تھا۔

تاہم اب کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ اس کے 66 ہزار کارکنوں کی 70 فیصد تعداد کو ویکسین لگادی گئی تھی۔ لیکن ساتھ ہی غریب، دیہی اور پسماندہ علاقوں کے افراد کو بھی ویکسین لگوانے کی ترغیب کے طور پر مفت گوشت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ اس سال چار جولائی کے یومِ آزادی تک امریکہ کی 70 فیصد بالغ آبادی کو کم ازکم ایک خوراک فراہم کردی جائے گی۔ تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ یہ ہدف بظاہر ناممکن نظر آرہا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں