اسلام آباد: جمہوریہ کوریا کے سفیر مسٹر سوہ سانگپیو نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں جنوبی کوریا کے تعینات ہونےوالے نئے سفیر کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جمہوریہ کوریا کے ساتھ دفاعی تعلقات ہمیشہ ہی بہت اہمیت کے حامل رہے ہیں اور پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ دفاعی پیداوار، صنعتی تعاون، تعلیم اور تکنیکی مہارت کے شعبوں میں وسیع بنیاد پر باہمی تعاون کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ باہمی تعاون کو متنوع بنانے کی کوششوں کی تجدید کے لئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے عالمی وبائی مرض کویڈ 19 کے بارے میں پاکستان کے ردعمل کے بارے میں معززمہمان کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں پاکستان کی کوششیں قابل ذکر ہیں۔ معزز سفیر نے دونوں ممالک کے مابین مستقبل کے تعلقات کے سلسلے میں پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورین حکومت اور عوام دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے لئے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کریں گے۔