کراچی میں ای چالان سسٹم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر

0
9

کراچی (رپورٹ: ایم جے کے) کراچی میں نافذ بھاری بھرکم ای چالان سسٹم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی گئی۔ پٹیشن مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان کی جانب سے جمع کرائی گئی اس درخواست میں چیف سیکرٹری سندھ، سندھ حکومت، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس، نادرا، ایکسائزو دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر قانونی ٹیم میں مدثر اقبال چوہدری، محمدسراج، نصیر اقبال ایڈوکیٹ موجود تھے، انہوں نے کہا کہ کراچی کا پورا انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، شہر بھر میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور روڈ نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی لیکن شہریوں پر بھاری چالان کسی عذاب سے کم نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چالان کی آڑ میں شناختی کارڈ بلاک کرنے کی دھمکیاں دینا شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور ہم کراچی کے ساتھ ہونے والی مسلسل ناانصافی کے خلاف قانون کا دروازہ کھٹکھٹانے آئے ہیں۔

احمد ندیم اعوان نے مزید کہا کہ ایک ہی ملک میں دو قانون کیسے قابل قبول ہوسکتے ہیں؟ لاہور میں چالان کا جرمانہ 200 روپے جبکہ کراچی والوں کے لیے 5000 روپے کیوں؟ کراچی پاکستان کا معاشی دل ہے، یہاں کے شہری قانون کے پابند اور باشعور ہیں، لیکن ان کے ساتھ مسلسل امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، سندھ حکومت نے ای چالان سسٹم کو عوام سے پیسہ بٹورنے کا ذریعہ بنادیا ہے، جبکہ شہر کی سڑکوں، ٹریفک انتظامات اور شہری سہولیات کی حالت ناقابل بیان ہے، اگر حکومت نے کراچی کے شہریوں کے ساتھ یہ ناانصافی ختم نہ کی تو ہم قانونی جدوجہد کو مزید وسعت دے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں