جدہ (رپورٹ: شین نون) قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا ہے کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کا یہ فورم قومی خدمت کر رہا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو وسعت دی جائے اور سارے پاکستانی سرمایہ کار اس پلیٹ فارم کے ذریعے آگے بڑھیں اور اپنی کامیابیوں کو بھی اس ویب سائٹ میں لائیں۔
ان خیالات کا اظہار یہاں انہوں نے پاکستان انوسٹرز فورم سعودی عرب کی آفیشل ویب سائٹ کی رسم افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس سے پہلے قونصل جنرل نے فورم کے عہدیداروں اور ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر، محترمہ سعدیہ خان کے ساتھ فورم کی ویب سائٹ کا بٹن دبا کر افتتاح کیا۔
تقریب میں سعودی و پاکستانی انوسٹرز، بزنس مین، کمیونٹی کی معزز شخصیات اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنےخطاب میں ویب سائٹ کے اجراء پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انوسٹرز فورم کے صدر چودھری شفقت محمود اور تمام ممبران کو مبارک باد دی۔ انھوں نے تجویز پیش کی کہ جس طرح قونصلیٹ نے اپنی ویب سائٹ کو عربی، اردو اور انگریزی زبانوں میں پیش کیا ہے، اسی طرح انوسٹرز فورم بھی کم از کم عربی اور انگلش زبانوں میں ویب سائٹ کی سہولت فراہم کرے تاکہ مقامی سطح پر کاروباری حضرات زیادہ مستفیض ہوسکیں گے۔ اسی طرح فورم ممبران کی تعداد میں اضافہ کرے، قونصلر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ سعدیہ خان نے کہا کہ رواں فروری کے پہلے ہفتہ ‘میڈ ان پاکستان’ نمائش جدہ میں منعقد کر رہا ہے کا اس کی کامیاب بنانے تمام فورمز اور کمیونٹی اپنا کردار ادا کرے تا کہ ایک کامیاب نمائش ثابت ہو۔
معروف بزنس مین، سی ای او زولٹیک ذوالقرنین علی خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اپنے علم و تجربہ سے پاکستانی انوسٹرز کی رہنمائی فرمائی۔
قبل ازیں تلاوت قرانِ پاک کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے ترانے بجائے گئے۔ نائب صدر انوسٹرز فورم فضل میمن نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ فورم ہم سب کا ہے اور اس کی کامیابی کےلیے سب کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں طب سمیت بہت سے ایسے شعبے ہیں جس میں سرمایہ جاری ہو سکتی ہے۔ انجینئر سید جعفر نے ویب سائٹ کا تعارف پیش کیا۔
صدر فورم چودھری شفقت محمود نے کہا کہ ہم مسلسل کامیابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ہمارے ممبران محنتی اور قومی و ملی جذبہ سے سرشار ہیں۔ جیسے انجنئیر چوہدری محمد نواز ہیں انھوں نے صرف 26 حج والنٹیئر کو لیکر 2014 ء میں حجاج کرام کی خدمات کا بیڑا اٹھایا تھا، آج ان کی تعداد تین ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لئے یہاں بہت مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے۔ آخر میں انھوں اپنے تمام ممبران اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کا اختتام پُرتکلف عشائیہ پر ہوا۔