کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکبا د پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے صحافیوں کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
کے یو جے کے نومنتخب عہدیداروں کے نام تہنیتی پیغام میں انہوں نے پروگریسو پینل کے کامیاب ہونے والے صدر شاہد اقبال، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی، اعجاز شیخ، جاوید قریشی، رانا لیاقت، یونس آفریدی اور سمیر قریشی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے نومنتخب عہدیداران صحافی برادری کی بہبود اور حقوق کی حفاظت کے لیے اپنا بھرپور کردار نبھائیں گے۔ کراچی کے صحافی ملک میں آزادیِ اظہار رائے اور صحافت کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ آگے آگے رہے ہیں۔کراچی کے صحافیوں کی جمہوریت کے لے قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے بغیر صحافت کی آزادی کا خواب ادھورا رہے گا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے 27 فروری سے شروع ہونے والا لانگ مارچ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کا سنگ میل ثابت ہوگا۔