کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاﺅس میں سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایس آئی ڈی سی ایل) کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ جی ایم ، ایس آئی ڈی سی ایل بریگیڈئر (ر) سہیل ابرار نے شہر میں جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آئندہ مالی سال کے لئے نئے منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہ کیا۔
گورنر سندھ نے ایس آئی ڈی سی ایل کے زیر نگرانی تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں وفاقی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبے دیرپا اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ایک موثر ذریعہ ثابت ہوں گے جو عام شہری کو بنیادی سہولت کی فراہمی کا باعث ہو گا۔
گورنر سندھ نے کراچی کی ترقی میں وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن وسائل کے ذریعے شہری اداروں کی حمایت کرتی رہے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کراچی ، حیدرآباد ، میرپورخاص اور کچھ دیگر اضلاع سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لئے میگا ڈویلپمنٹ منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔