کراچی: صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کی گندم اسمگلنگ کی روک تھام اور خردبرد کو روکنے کی ہدایت پر اینٹی کرپشن سرکل آفس بدین کی ٹیم نے سرکل افسر صفدر علی پنھور کی قیادت میں فرسٹ کلاس جج جوڈیشل مجسٹریٹ بدین وقار حسین کھٹی کی موجودگی میں گندم کے گودام گولارچی بدین پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران اسٹاک رجسٹر میں درج 1650 گندم کی بوریوں میں سے 800 بوریاں غائب پائی گئیں۔ اینٹی کرپشن سرکل آفس بدین کی ٹیم نے متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لیکر مشیر نامہ درج کر لیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ عثمان غنی صدیقی نے کہا ہے کہ گندم کی اسمگلنگ اور خرد برد میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کریں اور کرپشن کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی۔