لاہور: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے تمام یو جیز کو دس اپریل تک اپنے انتخابات کرانے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم کورونا کی خراب صورتحال والے شہروں میں انتخابات کے لئے حتمی تاریخ 12 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم ‘صوبہ سندھ میں صحافیوں کو دی جانے والی دھمکیوں اور اجے لال وانی کے قتل کی شدید مزمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ملزمان کو فوری گرفتار کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دے۔ ایف ای سی کا ورچوئل اجلاس جمعہ 26 مارچ کو پی ایف یو جے صدر جی ایم جمالی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں ملک بھر سے مختلف یونین کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی اور اپنی تجاویزاور رائے پیش کی۔
اجلاس میں ایجنڈا کے مطابق کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بحث کے علاوہ پی ایف یو جے سے ملحقہ یونینز کے انتخابات کرانے پر رائے دی۔ سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم’ آر آئی یو جے کی صدر شکیل احمد’ پی یو جے کے صدر شہزاد بٹ اور سیکرٹری اشرف مجید کے علاوہ گجرات سے شاہد چودھری نے کورونا کی شدت کی وجہ سے انتخابات کرانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے مرکزی قیادت کی جانب سے کئے گئے فیصلوں کی پابندی کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی’ کراچی کے صدر حسن عباس’ سیکرٹری عاجز جمالی اور حیدر آباد یونین کے صدر حمیدالرحمان کے علاہ دیگرارکان کی جانب سے الیکشن شیڈول پر کرانے پرزور دیا تاہم کہا کہ جہاں فوری طور الیکشن کرانا ممکن نہ ہو وہاں کچھ عرصہ کے لیے انتخابات ملتوی کئے جائیں۔ ارکان میں اتفاق کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یوجیز اپنے انتخابات دس اپریل تک کرائیں تاہم جہاں کورونا کی خراب صورتحال کی وجہ سے الیکشن ممکن نہ ہوں وہاں ہر حال میں انتخابات عیدالفطر کے بعد دوسرے ہفتہ میں کرادئے جائیں۔
اجلاس میں کراچی یونین کے صدر حسن عباس کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پی ایف یو جے آئین کے مطابق چاروں صوبوں میں نائب صدور اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرلز کو اپنے صوبوں کے معاملات نمٹانے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں۔ اس پر صدر اورسیکرٹری جنرل کی جانب سے تائید کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ آئین کے مطابق صوبائی سطح پر ذمہ داریاں دی جائیں۔ اس فیصلہ پرعمل درآمد کے لئے پی ایف یو جے کےصدر اور سیکرٹری جنرل کی مشاورت کے بعد تفصیلی نوٹیفکیشن ہفتہ کے روز جاری کیا جائے گا۔
اجلاس میں اتفاق رائے سے مختلف قرار دادیں منظور کی گئیں۔ پہلی قرار داد میں رانا نحمد عظیم اور سکھر کے صحافیوں کو دھمکیوں کی شدید مزمت کی گئی اور اجی لالوانی کے بہیمانہ قتل کی مزمت کی گئی اور متعلقہ حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ملزمان کو فوری گرفتار کریں اور ان کے خلاف قانون کے مابق سخت کارروائی کی جائے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری جنرل اس سلسلہ میں وزیر اعلی سندھ ان واقعات کی روک تھام کے لئے خط لکھیں۔ اجلاس میں یہ قرارداد بھی منظور کی گئی کہ میڈیکل عملہ کی طرح فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کی بھی فوری کورونا ویکسینیشن کرائی جائے۔ سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم نے باور کرایا کہ جو یونینز اپنی ووٹر لسٹ اور فیس جمع کرائے بغیر انتخاب کرائیں گی وہ غیر آئینی ہوں گے۔