اسلام آباد: ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے آج ائیر ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تبدیلی کمانڈ کی باوقار تقریب میں پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کو سلامی پیش کی۔
تقریب کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو کمانڈ کی اعزازی شمشیر دی اور ایئر چیف مارشل کے رینک بھی لگائے۔ چار JF-17 تھنڈر طیاروں کی فارمیشن نے سبکدوش ہونے والے ائیر چیف کو الوداعی سلامی پیش کی۔
نئے سربراہ پاک فضائیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ میرے جانشین غیر معمولی قائدانہ اور پیشہ ورانہ خصوصیات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی ہیں۔ میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو سربراہ پاک فضائیہ تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کی اس نئی ذمہ داری میں کامیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ مجھے قوی یقین ہے کہ ان شاء اللہ۔ ان کی کمانڈ میں پاک فضائیہ عظیم بلندیوں کو چھوئے گی۔