کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ خان صاحب قومی اسمبلی میں آپ کو شکست مل چکی ہے، اعتماد کے ووٹ کا ڈرامہ چھوڑیں اور گھر جائیں۔ پی ڈی ایم قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے آگے نکل چکی ہے۔ اگلا معرکہ سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر ہوگا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ خان صاحب پی ڈی ایم آپ کو سینٹ میں شکست دے گی اور پی ٹی آئی سے آپ کو سینٹ کے چیئرمین کا امیدوار بھی نہ مل سکا۔ آپ کو اپنے لوگوں کی اہلیت پر شک ہے، صادق سنجرانی کو سینٹ چیئرمین کے لیے منتخب کیا ہے۔ خان صاحب آپ تو اپنے اتحادیوں سے مشورہ کئے بغیر فیصلے کرتے ہیں۔ یہ کوئی آمریت یا بادشاہت نہیں، یہی آپ کی ناکامیوں کی وجہ ہے۔ سینٹ کے بعد پنجاب پی ڈی ایم کا ٹارگٹ ہوگا اور نیازی صاحب ضمنی انتخابات سے شروع ہونے والا آپ کی ناکامیوں کا سلسلہ اب تھمتا دکھائی نہیں دیتا۔ بھوکھلائٹ میں اس کا زمہ دار ریاست کے آئینی اداروں کو ٹھہرانہ عقل مندی نہیں۔ کیا زرتاج گل اور شہریار آفریدی نے اپوزیشن سے ڈیل کر کے اپنا ووٹ ضایع کیا۔ خان صاحب قومی اسمبلی میں ووٹ ضائع کرنے والوں میں آپ کا بھی تو نام آ رہا ہے۔