لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے 24 نیوز کا لائسنس بحال کرنے کا حکم دے دیا اور پیمرا کی جانب سے ٹونٹی فور نیوز پر بندش کا اقدام معطل کردیا جبکہ عدالت نے وفاقی حکومت، پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کرلیا۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست پر 24 نیوز کا لائسنس بحال کیا اور عدالت نے پیمرا کی حکم امتناعی جاری نہ کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پیمرا کا حکم نامہ معطل کردیا۔
سٹی نیوز نیٹ ورک نے پیمرا کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور اپنی اپیل میں وفاقی حکومت اور پیمرا کو فریق بنایا تھا۔ سٹی نیوز نیٹ نے موقف اپناتے ہوئے استدعا کی کہ پیمرا نے موقف سنے بغیر لائسنس معطل کیا جو غیر قانونی اقدام ہے جس پر ہائیکورٹ چینل 24 کا لائسنس بحال کرنے کا حکم دے۔
پیمرا کے وکیل نے اپیل کی بھرپور مخالفت کی اور وکیل پیمرا نے موقف بیان کرتے ہوئے کہ کہ سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں ناقابل سماعت ہے اور چینل 24 کے خلاف ساری کاروائی اسلام آباد میں ہوئی ہے۔ سٹی نیوز نیٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنا چاہیے تھا جس پر لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کا حکم نامہ معطل کر کہ وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کر دیے، عدالت کا روازنہ کی بنیاد پر یہ کیس سننے کا فیصلہ کیا ہے۔