پاکستان لیگل یونائیٹڈ سوسائٹی کے زیر اہتمام قیدیوں کی فن پاروں کی نمائش

0
16

کراچی (رپورٹ: ایم جے کے) پاکستان لیگل یونائیٹڈ سوسائٹی (پلس) کے زیر اہتمام مسلم چیریٹی اور سندھ پریزنز ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے سامبھارا آرٹ گیلری میں تین روزہ آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح معزز مہمانوں نے کیا۔

نمائش کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سندھ قاضی نذیر حسین تھے، اس موقع پر سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین اقبال حسین دیتھو اور پاکستان لیگل یونائیٹڈ سوسائٹی کے سی ای او الطاف حسین کھوسو نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی نذیر حسین نے پلس کی قیدیوں کی بحالی اور اصلاحی پروگراموں کے حوالے سے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں قیدیوں کی مثبت ذہن سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں انہوں نے پلس کی محنت اور سنجیدہ کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن اقبال حسین دیتھو نے کہا کہ قیدیوں کی بحالی کا عمل نہ صرف انہیں ایک نئی زندگی فراہم کرتا ہے بلکہ معاشرے میں جرائم کی شرح کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، تین روزہ نمائش میں قیدیوں کے ہاتھوں تخلیق کردہ دلکش فن پارے پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔

پلس کے سی ای او الطاف حسین کھوسو نے مہمانوں کو تنظیم کی کارکردگی اور مختلف اصلاحی پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک تقریباً 230 قیدیوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ ان میں سے کسی نے دوبارہ جرم کا ارتکاب نہیں کیا۔

نمائش کے اختتام پر پلس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر رضوانہ پٹیل نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ قیدیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کے فن پارے خریدے جائیں تاکہ وہ ایک باعزت زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں