کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں کورونا بڑھ رہا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اپنی جان اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت کریں۔
صوبے بھر میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10081 ٹیسٹ کے نتیجے میں 2262 نئے کیسز ظاہر ہوئے۔ اب تک 287135 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 51518 کیسز آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 23 مریض انتقال کرگئے اور انتقال کرنے والوں کی تعداد 816 ہوگئی ہے۔ اس وقت 26315 مریض زیرعلاج ہیں اور آج 1274 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں۔ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 24387 ہوگئی ہے اور انہوں نے بتایا کہ آج کراچی میں 1517 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ شرقی 530، جنوبی 412، سینٹرل180، غربی170، کورنگی 109اور ملیر میں 116 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ کے دیگر شہروں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاڑکانہ میں 106، حیدرآباد میں 86 ، سکھر میں 55 اور گھوٹکی میں 52، خیرپور میں 30، میرپورخاص میں 28 اور شکارپور میں 23 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ جامشورو 12 جبکہ بدین، نوشہروفیروز اور سانگھڑ میں 8-8، ٹنڈومحمد خان میں 7، دادو میں 5، شہید بینظیرآباد اور سجاول میں 3-3 کیسز ظاہر ہوئے، جیکب آباد اور قمبر 2-2 جبکہ کشمور، ٹنڈوالہیار اور ٹھٹہ میں 1-1 کیس سامنے آیا۔