صوبائی الیکشن کمشنر سندھ زیر صدارت شہید بینظیرآباد ڈویژن میں رواں ماہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے سلسلے میں اہم اجلاس

0
46

نواب شاہ: صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کی زیر صدارت شہید بینظیرآباد ڈویژن کے تینوں اضلاع شہید بینظیرآباد، سانگھڑ اور نوشہروفیروز میں رواں ماہ کی 26 جون کو منعقدہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کمشنر آفیس شہید بینظیرآباد کےکمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اسٹیشن کے اندر پانی، بجلی، روشنی کے مناسب انتظامات، واش رومز، صفائی ستھرائی اور فرنیچرسمیت دیگر سہولیات کی فراہمی، سیکیورٹی، الیکشن عمل، پولنگ عملے کی تربیت اور دیگر انتظامی امور کےمتعلق جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک میں صاف وشفاف عام و بلدیاتی انتخابات منعقد کرانا آئینی، قومی اور اہم ترین فریضہ ہے جس کا انعقاد  صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں مقرر ہ وقت پر یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ 2022ء کے مقامی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے شہید بینظیرآباد ڈویژن سے مختلف سیاسی پارٹیوں اور آزاد امیدواران کی جانب سے 32 ہزار سے زائد نومینیشن فارم جمع  ہونا ڈویژن کے لئے رکارڈ ہے، جو عوام میں بڑہتے ہوئےسیاسی شعور کا مظہر ہے جوکہ ایک خوش آئند عمل ہے اور اس عمل سے ملکوں کے اندر سیاسی استحکام جنم لیتے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم سمیت دیگر تمام محکموں سے مقرر کئے گئے پرزائڈنگ افسران کو مطلوبہ تربیت دلاکر انہیں فارم 11 اور 12 پر کرنے میں ماہر کیا جائے تاکہ پولنگ عمل میں سستی اور دیگر شکایات کا جواز پیدا نہ ہوسکے۔

انہوں نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران اور رٹرننگ افسران کے ساتھ پولنگ اسٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی عدم دستیابی کے متعلق فوری طور پر اجلاس منعقد کرکے پولنگ اسٹیشنز پر تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ ڈویژنل و ضلع سطح پر انتظامیہ اور افسران میں بہتر و آسان رابطے کے لئے سوشل میڈیا واٹس ایپ گروپس بناکر مستفید ہوا جائے، تاکہ پولنگ عملے اور وُوٹرز بلخصوص خواتین ووٹرز کو امکانی تکالیف کا سامنہ کرنا نہ پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران  انتظامیہ اور پولنگ عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ تمام سیاسی پارٹیوں اور آزاد امیدواروں سے بلا تفریق  برابری کی بنیاد پر پیش آئیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے مزید کہا کہ انتخابات کے عمل کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لئے  سندھ پولیس اور رینجرز کا اہم کردار ہے، اس ضمن میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمراؤں کی تنصیب کے عمل کو یقینی بنانے کے ساتھ سیکیورٹی اور کمیونکیشن پلان پر فوکس رکھا جائے تاکہ شر پسند عناصر کو ماحول خراب کرنے کا موقع میسر نہ ہو، جبکہ اس دوران سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے پھیلنے والی غلط خبروں پر کان نہ دھرا جائے اور میرٹ پر اپنی کارروائی کو مکمل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چند روز کے اندر الیکشن کا سامان ڈی آر اوز کے سپرد کیا جائے گا، جس کے  لیے ڈسپلے مراکز پر میل اور فی میل پولنگ عملے کے لئے پولنگ سامان کی تقسیم کے سلسلے میں الگ الگ کاؤنٹرز بنائے جائیں۔

اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز /ڈی ار اوز کی جانب سے اپنے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تاحال کئے گئے انتظامات اور درپیش مسائل کے متعلق آگاہی دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرشہید بینظیرآباد سید پریل شاہ، ریجنل الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد نوید عزیز، ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شاہدہ تاج ابڑو، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ، ڈپٹی کمشنر نوشراوفیروز محمد تاشفین عالم، ایس ایس پی سانگھڑ ڈاکٹر فرخ لنجار و دیگر اضلاع کے ڈی ایس پیز، اسسٹنٹ کمشنر روینیو دلشاد عمرانی، تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز ، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت  کی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں