کراچی: شہر کراچی میں سستا ڈالر بتا کر جعلی ڈالرز کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔
سستا ڈالر خریدنے کی خواہش عراق سے آئے محنت کش کو کنگال کرگئی۔ دو لاکھ 80 ہزار منافع کے چکر میں شہری کو 50 لاکھ کا چونا لگ گیا۔
اسٹیل ٹاون پولیس نےجعلی ڈالر کے فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو دھرلیا۔ مقدمہ فراڈ جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق مدعی فہد اسلام کے مطابق وہ عراق میں کام کرتا ہے۔ گلشن حدید میں نائی کے پاس بال کٹوانے گیا تو اس نے آفر دی۔ کہا گیا اس کے دوست سستے ڈالرز فروخت کر رہے ہیں۔ پہلی ملاقات میں مدعی کو دو اصل 50 ڈالر کے نوٹ دیے گئے۔ 50 لاکھ کے عوض 30 ہزار ڈالرز دینے کا لالچ دیا گیا اور فہد اسلام کو ڈیل میں 2 لاکھ 80 ہزار منافع کا بتایا گیا۔ ڈیل کرتے وقت جعلی 50 ڈالر کے تین پیکٹ تھما دیے گئے۔
گشت پر مامور پولیس موبائل کو دیکھ کر مدعی نے شور مچادیا۔ پولیس دیکھ کر انور چانڈیو ایک خاتون اور ڈرائیور رقم لے کر بھاگ گئے۔ ڈیل کرانے والے نائی رجب اور محبوب کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے تفتیش کا عمل شروع کردیا۔