کراچی: شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، ملیر، قائد آباد، سعدی ٹاؤن، کورنگی،گلشن اقبال اور سخی حسن کے اطراف میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔
دوسری جانب آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، شارع فیصل، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی بادل برسنا شروع ہوگئے ہیں۔
حکام کی جانب سے شہریوں کے لیے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران اکثر مقامات پر پھسلن ہو جاتی ہے لہٰذا شہری گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور ڈرائیورز احتیاط سے گاڑی چلائیں۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں اور مشرقی بلوچستان میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کے چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور مرطوب رہے گا۔