لاہور: عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان ریلوے پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کی آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز خان کی ہدایات پر تحریری احکامات جاری کردیئے۔
ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں پر ریلوے پولیس کی نفری بڑھا دی گئی۔ اہم تنصیبات اور ریلوے اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر ریلوے پولیس کمانڈوز تعینات کردیِے گئے ہیں۔
آئی جی ریلوے پولیس نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے مسافروں کی جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے۔ ریلوے کی حدود میں آنے والی مساجد اور امام بارگاہوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ مشکوک اورغیر متعلقہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی بم ڈسپوزل عملہ سے مکمل سویپنگ کروائی جائے۔