اینکر ندیم ملک کو ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ کا نوٹس

0
160

اسلام آباد: پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے سما ٹی وی کے اینکر ندیم ملک کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

نوٹس میں سینیئر صحافی و اینکر ندیم ملک سے کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی ونگ کو اُن کے ایک پروگرام میں بیان کیے گئے واقعات کے بعد معلومات درکار ہیں۔

دو جولائی کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق ندیم ملک کو اُن کے 28 اپریل کے پروگرام کی بنیاد پر چھ جولائی کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 160 کے تحت ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عظمت خان کے روبرو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ندیم ملک متعلقہ معلومات، دستاویزات اور شواہد ہمراہ لے کر آئیں۔

ندیم ملک کو اس نوٹس کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ان کے پروگرام میں کیے گئے انکشافات ایف آئی اے کے پاس زیر تفتیش سنہ 2019 میں درج مقدمہ نمبر 24 سے متعلق ہیں۔

یاد رہے کہ ندیم ملک نے 28 اپریل کو اپنے ٹی وی ٹاک شو میں کہا تھا کہ اُن کو دو اعلیٰ عہدیداروں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی ویڈیو کے بارے میں بتایا تھا جس کی بنیاد پر مرحوم جج سے نواز شریف کی نااہلی فیصلہ کرایا گیا۔

خیال رہے کہ آنجہانی جج ارشد ملک نے ایک ویڈیو میں اعتراف کیا تھا کہ پاکستان کے طاقتور سمجھے جانے والے حلقوں نے ان کی ایک پرانی ویڈیو کی بنیاد پر اُن کو بلیک میل کر کے فیصلہ کرایا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں