میڈیا پاکستان کے خلاف بھارتی مہم کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، شہریار خان آفریدی

0
34

اسلام آباد: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے جمعرات کو کہا کہ یورپی یونین کی ڈس انفو لیب نے بین الاقوامی قوانین اور آزادیِ اظہار رائے کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین- پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت فیڈریشن کے صدر چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کی۔ سید ماجد عباس، سید خالد عباس، محمد آصف ارشد، خرم ریاض اور مدثر حسین بھی اس وفد کا حصہ تھے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ یورپی یونین کی ڈس انفو لیب کی رپورٹ  ’انڈین کرانیکلز‘ نے بھارت کے بین الاقوامی اداروں کو نشانہ بنانے اور ہندوستانی مفادات کو فروغ دینے کےلئے بڑے پیمانے پر کیے جانے والے غیرقانونی آپریشن کا انکشاف کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ نے انکشاف کیا کہ بھارت نے مردہ میڈیا ، مردہ تھنک ٹینک اور غیر سرکاری تنظیموں کو زندہ کیا جو پاکستانی اور کشمیری مفادات کو نشانہ بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کی خاطر مردہ لوگوں تک کا نام استعمال کیا اور یہ کہ یہ نیٹ ورک بنیادی طور پر برسلز اور جنیوا میں مقیم ہے جو پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے مواد کی تیاری کےلئے سرگرم عمل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے ڈس انفو لیب کے اس آپریشن نے دنیا کے سب سے بڑے جعلی میڈیا نیٹ ورک کا پردہ فاش کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ یورپی یونین کی ڈس انفو لیب نے ایک بہت بڑے شیطانی نیٹ ورک کا انکشاف کیا ہے جس میں بھارتی کارکن جھوٹ پر مبنی جعلی خبریں گھڑ کے ایک خودمختار قوم کو نشانہ بنا رہے ہیں، یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستانی میڈیا عالمی سطح پر اس مسئلے کو پوری طرح سے اجاگر نہیں کرسکا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کو چاہیے کہ وہ ہمارے نوجوانوں کو اس بات کا شعور دے کہ کس طرح بھارتی پراکسی نے دنیا کو گمراہ کرنے کے لئے جعلی این جی اوز ، میڈیا ہاؤسز اور دانشوروں کا استعمال کر کی دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلائی ہیں۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستان کے عوام اس ملک کی حقیقی طاقت ہیں اور پاکستان کو ان پر فخر ہے کیونکہ وہ باقی ممالک میں پاکستان کے مقصد کے لئے لڑ رہے ہیں۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کشمیریوں کی بدترین نسل کشی کر رہی ہیں۔  انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی آزادی کشمیر کی جدوجہد کو فروغ دینے اور کشمیری عوام کے خلاف بھارتی چالوں کو بے نقاب کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں