کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کاوشوں سے روزنامہ نوائے وقت کے موجودہ اور سابقہ ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور پہلے مرحلے میں مزید 6 افراد نے انتظامیہ سے سیٹلمنٹ کرلی ہے، جن میں سے 4 افراد کو چیکس بھی جاری کردیے گئے ہیں جبکہ ماضی میں سیٹلمنٹ کرلینے والے دو افراد کو بھی چیک جاری کیے گئے ہیں۔ 2018 میں سیٹلمنٹ کرنے والی ایک خاتون ورکر کا باقی ماندہ واجبات کا چیک آج اور دوسری خاتون ورکر کا چیک آئندہ ہفتے جاری کردیا جائے گا۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نوائے وقت کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں باقی ماندہ افراد کو بھی ان کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی جائے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ کے یو جے نوائے وقت کے موجودہ اور سابقہ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے مسلسل کوشاں تھی۔
کے یو جے کے انتخابات کے فوری بعد صدر شاہد اقبال کی صدارت میں ہوئے مجلس عاملہ کے اجلاس میں جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کو نوائے وقت کی انتظامیہ سے رابطوں کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ نوائے وقت کی انتظامیہ سے مسلسل رابطوں کے نتیجے میں جنرل مینجر فنانس عماد صدیقی کراچی پہنچے اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سے تین مختلف ملاقاتوں میں کئی گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد واجبات کی ادائیگی کے رکے ہوئے سلسلے کو دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نوائے وقت کی انتظامیہ کے سامنے تین مختلف مطالبات رکھے جس میں آج تک انتظامیہ سے سیٹلمنٹ نہ کرنے والے ملازمین کے کیسز، 2018 میں انتظامیہ سے سیٹلمنٹ کے بعد بھی مکمل واجبات کی ادائیگی سے محروم ملازمین کے کیسز اور جنہیں 2018 میں ریٹائر کرکے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا لیکن انہیں واجبات ادا نہیں کیے گئے ان کے کیسز شامل تھے۔ نوائے وقت کی انتظامیہ کی جانب سے کے یو جے کو بتایا گیا کہ انتظامیہ سے سیٹلمنٹ کرنے والے نوائے وقت کراچی کے 95 ملازمین میں سے 70 کو ان کے واجبات کی مکمل ادائیگی کردی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ کو 60 فیصد ادائیگی کی جاچکی ہے اور ایسا اس لیے ممکن ہوسکا کہ ان کے حسابات کا کلیم انتظامیہ کے حسابات کے قریب تر تھا۔
کے یو جے کی جانب سے انتظامیہ کو بتایا گیا کہ ابھی بھی ایسے 11 افراد باقی ہیں جن کے ساتھ انتظامیہ کی سیٹلمنٹ نہیں ہوسکی ہے انتظامیہ کی جانب سے اسے تسلیم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان افراد کو بھی انتظامیہ ادائیگی کے لیے تیار ہے تاہم حسابات کے فرق کی وجہ سے معاملہ طوالت اختیار کیا گیا ہے۔
کے یو جے نے نوائے وقت کے سابق اور موجودہ ملازمین اور انتظامیہ کے درمیان مصالحت کار کا کردار ادا کیا اور دونوں فریقوں کو بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر راضی کیا کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کوششوں سے نوائے وقت کی انتظامیہ اور ملازمین کے مابین فردا فردا ملاقاتیں ہوئیں جن میں کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی بھی موجود تھے۔ مذاکرات کے نتیجے میں 6 مزید افراد نے انتظامیہ سے سیٹلمنٹ کرلی جن میں سے 3 افراد کو ابتدائی چیکس بھی جاری کردیے گئے ہیں، باقی 2 افراد کے کیسز سیٹلمنٹ کی حتمی منظوری کے لیے اعلی انتظامیہ کو بھیج دیئے گئے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والے ایک ملازم کی بیوہ کی جانب سے ضروری قانونی دستاویزات جمع کرائے جانے کے بعد انہیں بھی بقایا جات کا چیک جاری کردیا جائے گا۔ انتظامیہ کی جانب سے دو ایسے افراد کو بھی چیکس جاری کیے گئے ہیں جو ماضی میں ادارے سے سیٹلمنٹ کرچکے تھے واجبات کی ادائیگی کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نوائے وقت کی انتظامیہ کے سامنے مختلف آپشنز رکھے ہیں جن پر انتظامیہ نے مشاورت کے لیے کچھ وقت مانگا ہے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کوشش ہے کہ باقی ماندہ افراد اور انتظامیہ بھی واجبات کی ادائیگی کے ایک فارمولے پر متفق ہوجائیں جس کے بعد ملازمین کے کلیمز اور انتظامیہ کے تیار کردہ حسابات میں کوئی فرق نہ ہو اور تمام افراد کو ادائیگیاں شروع کردی جائیں۔ نوائے وقت کی انتظامیہ نے کے یو جے سے اس سلسلے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ حقیقی کلیمز کے ذریعے فوری ادائیگی ممکن ہوسکے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نوائے وقت کے موجودہ اور سابق تمام ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ کے یو جے ان کے واجبات کی ادائیگی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے اور نوائے وقت کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے باقی ماندہ ملازمین کو بھی جلد ان کے واجبات مل جائیں گے۔